شیلانگ،22؍جنوری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا) جنوب مغربی کھاسی ہلس ضلع کے ماوٹین گاؤں میں 7 نابالغ لڑکوں نے 11سال کی ایک نابالغہ کے ساتھ کم از کم دو بار مبینہ طور پر اجتماعی عصمت دری کی ۔پولیس نے اتوار کو بتایا کہ لڑکی کی پہلی بار گزشتہ سال دسمبر میں گاؤں کے دھان کے کھیتوں میں اجتماعی عصمت دری کی گئی اور دوسری بار اس کے گھر پر 13؍جنوری کو اس کے ساتھ یہ انسانیت سوز حرکت کی گئی ۔ایک سینئر ضلع پولیس افسر نے کہاکہ ہم نے 6 ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے، یہ سبھی لڑکی کے گاؤں کے ہی ہیں اوران کی عمر 14سے 16 سال کے درمیان ہے ۔انہوں نے کہا کہ لڑکی کے اہل خانہ کی طرف سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کی بنیادپر ملزمان کوحراست میں لے لیا گیاہے ۔پولیس افسر نے کہا کہ ملزمان نے اپنے جرائم کا اعتراف کر لیا ہے اورانہیں ’کشورسدھار ہوم‘ میں بھیج دیا گیا ہے۔محکمہ داخلہ کے جرم ریکارڈ بیورو کے مطابق، گزشتہ سال میگھالیہ میں بچوں کے خلاف عصمت دری کے 22اور پاکسو کے 101معاملے درج کئے گئے تھے۔